خیبر: امراض قلب میں مبتلا افغان بچے علاج کے لئے پاکستان پہنچ گئے

خیبر:پیدائشی طور پر امراض قلب میں مبتلا افغان بچوں کا پہلا گروپ علاج کیلئے کابل سے طورخم سرحد کے راستے پاکستان پہنچ گیا،دل کی پیدائشی بیماریوں سے متاثرہ یہ بچے اپنے والدین کے ہمراہ طورخم کی سرحد پر پہنچے، بچوں اور ان کے اہل خانہ کا استقبال چیئرمین پاک افغان کوآپریشن فورم حبیب اللہ خان، چیئرمین الخدمت فائونڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور یونیورسٹی آف لاہور کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کیا۔پاکستان کی جانب سے پاک افغان کوآپریشن فورم اور الخدمت فائونڈیشن کے سربراہوں کے علاوہ معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر عبدالمالک اور ڈائریکٹر اے کے ایف سفیان احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افغانستان کی طرف سے مولوی خالد اور افغان ہلال احمر کے حفیظ الرحمن موجود تھے۔افغان ہلال احمر کے مطابق دل کی پیدائشی بیماریوں میں مبتلا 6 ہزار کے قریب افغان بچے علاج کے منتظر ہیں۔ 2021 کے آغاز سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ ایسے مریض رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور وہ ملک کے اندر یا باہر علاج کے منتظر ہیں۔ ایسے بچوں میں دل کی بیماریاں پیدائش کے وقت موجود ہوتی ہیں جوبچے کے دل کی ساخت اور اس کے نظام کو متاثر کرسکتی ہیں۔